نوجوان نسل اسمارٹ فونز سے اکتانے لگی، کیا نوکیا 3310 جیسے سادہ فونز کا دورواپس آئے گا، سادہ یا ڈمب فونز کی فروخت ایک ارب سالانہ تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق سافٹ ویئر فرم سیمرش نے انکشاف کیا ہے کہ ڈمب فونز مارکیٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ سنہ 2018 سے لے کر 2021 تک ان کے بارے میں کی جانے والی گوگل سرچز میں 89 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
گذشتہ سال ڈمب فونز کی عالمی فروخت جو سنہ 2019 تقریباً چالیس کروڑ تھی اب بڑھ کر ایک ارب سے بھی زائد ہوچکی ہے ۔ اس کا موازنہ سمارٹ فونز کی ایک ارب چالیس کروڑ کی فروخت سے کیا جاتا ہے جن کی فروخت میں 2020 میں ساڑھےبارہ فیصد کمی آئی تھی۔ اکاؤنٹنسی گروپ ڈیلوئٹ کے 2021 میں کی جانے والی ریسرچ میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں موبائل فون استعمال کرنے والے ہر 10 میں سے ایک شخص کے پاس ڈمب فون تھا۔
یہ سوچنا ہی محال ہے کہ اسمارٹ فونز کے بغیر آج کی تیزرفتارزندگی کا حصہ رہا جاسکتا ہے کیونکہ آپ کا سمارٹ فون ہی آپ کا تفریحی مرکز، آپ کا نیوز جنریٹر، آپ کا نیویگیشن سسٹم، آپ کی ڈائری، آپ کی لغت، اور آپ کا بٹوہ ہے۔
قیمتوں کا موازنہ کرنے والی سائٹ یو سوئچ کے موبائل فونز کے ماہر ارنسٹ ڈوکو کاکہنا ہے کہ نوکیا کے 3310 ہینڈ سیٹ کی 2017 میں دوبارہ لانچ نے واقعی اس کی بحالی کو جنم دیا۔ یہ پہلی بار 2000 میں ریلیز ہوا تھا اور یہ آج بھی اب تک کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے موبائلز میں سے ایک ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ فرم کے مرکزی صارفین کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ جبکہ توقع تھی کہ اس کے خریدار زیادہ بوڑھے ہوں گے۔ نوجوان نسل کا خیال ہے کہ اسمارٹ فونز نے ان کی زندگیوں پر قبضہ کرلیا ہے پسند شئیر اور کمنٹ کی لت نے ان کی پرائیویسی چھین لی ہےغیر ضروری ایپس اورہر وقت آن لائن رہنے سے وہ مصنوعی زندگی کے عادی ہوگئے ہیں۔ہمیشہ نوٹیفیکیشنز، اپ ڈیٹس اور بریکنگ نیوزمیں انسان کہیں کھو سا گیا ہے۔
ڈمب فون بنانے والی کمپنیوں میں سے ایک نیویارک کی کمپنی لائٹ فون ہے لیکن اس نے قدیم کو جدید کے ساتھ بڑی ہوشیاری سے جوڑا ہے۔اس کے ہینڈ سیٹ صارفین کو موسیقی اور پوڈ کاسٹ سننے اور بلیو ٹوتھ کے ذریعے ہیڈ فون سے لنک کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے فونز میں کبھی بھی سوشل میڈیا، کلک بیٹ (مرچ مصالحے والی) نیوز، ای میل، انٹرنیٹ براؤزر، یا کوئی اور پریشانی پیدا کرنے والی لامحدود فیڈ نہیں ہوگی۔ جبکہ اس کے فونز کی کم از کم قیمت 99 ڈالر سے شروع ہوتی ہے جو اسمارٹ فونز کی قیمت سے ذرا ہی کم ہے۔