Site icon Soluxionz

سینیٹر رحمان ملک انتقال کرگئے

سینیٹر رحمان ملک انتقال کرگئے

پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمان ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، رحمان ملک کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔

ترجمان نے سابق وفاقی وزیر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحمان ملک کچھ وقت سے کورونا وائرس میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔

ترجمان کے مطابق رحمان ملک کوسانس لینے میں مشکلات ہوئیں تو انہیں دوبارہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میںوینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ دم توڑ گئے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سینیٹر رحمان ملک کے پھیپھڑے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔ انتقال کے بعدمیت کو گھر منتقل کردیا گیا ہے،

پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔

سینیٹر رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے، ان کا میثاق جمہوریت میں بھی کلیدی کردار رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کا شمار شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بااعتماد ساتھیوں میں تھا۔ انہوں نے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان میثاق جمہوریت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

رحمان ملک کراچی میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلافات کی صورت میں پل کا کردار بھی ادا کرتے تھے۔

رحمان ملک کو کراچی یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی تھی جبکہ حکومت نے بہترین کارکردگی پر انہیں ستارہ شجاعت اور نشان امتیاز سے بھی نوازا تھا

Exit mobile version